
بحیرہ اسود میں عسکری سرگرمیاں و کشیدگی: امریکی جہاز کے گشت کا منصوبہ تَرک، برطانوی جہاز روانہ، روسی جنگی مشق کا منصوبہ برقرار
برطانیہ کے دو درمیانے بحری جہاز بحیرہ اسود میں گشت کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، جہاز روسی بحری حدود کے قریب یوکرین کے پانیوں میں گشت کریں گے۔ مغربی ممالک اور روس کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی میں دفاعی ماہرین کی جانب سے اس عسکری سرگرمی کو انتہائی محتاط نظروں سے دیکھا جا رہا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق روانہ بحری جہازوں میں ایک طیارہ کش ٹائپ 45 اور ایک آبدوز کش ٹائپ 23 بحری جہاز شامل ہیں، دونوں جہاز برطانوی شاہی بیڑے سے بحیرہ روم میں پہنچ کر الگ ہو جائیں گے، کیونکہ عالمی قوانین کے تحت بیڑے کو بحیرہ اسود میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔ البتہ کسی قسم کی بدمزگی کی صورت میں دونوں جہازوں کو رسد پہنچانے کے لیے مزید جہاز بھی تیار ہوں گے۔
واضح رہے کہ برطانوی گشت کا اعلان روسی جنگی مشق کے ردعمل میں سامنے آیا ہے، روسی بحری بیڑہ ایڈمرل ماکاروو گزشتہ ہفتے سفر کے لیے روانہ ہو گیا تھا۔ روسی جنگی مشقوں میں جن...