
میرا کشمیر شبِ تاریک کے مشعل بردار سے محروم کر دیا گیا
وہ اک ستارہ جو ضوفگن تھا حیات کے مغربی افق پر
سیاہ شب کے پاسبانو خوشی مناؤ کہ وہ بھی ڈوبا
محمد اشرف خان صحرائی، کشمیر
شبِ تاریک میں کسی قافلے کے مشعل بردار کا چھن جانا ایک ایسا نقصان ہے جس کی بھرپائی ایک مشکل عمل ہے۔ تاریک راتوں میں قندیل رہبانی کا کام انجام دینے والوں کی تعداد بہت مختصر ہوتی ہے۔ ملت اسلامیہ کشمیر ایسے ہی ایک چراغ سے محروم ہوگئی۔ تحریکِ آزادئ کشمیر کی صف اوّل کے رہنما محمد اشرف خان صحرائی سنت یوسفی کی ادائیگی کے دوران اپنے خالق حقیقی سے جا ملے، اور کشمیری قافلے کا ایک اور چراغ بجھ گیا۔ صحرائی صاحب کا ثبات کوہِ بلند قامت جیسا تھا۔ ایک اونچی چوٹی والے پہاڑ کی مانند، جو زلزلوں میں بھی قائم رہتا ہے۔ وہ عظمتوں اور عزیمتوں کا ایک ایسا پہاڑ تھے جن کے ثبات سے انسانیت حق پر ثابت قدم رہنے کا سبق سیکھتی ہے۔
یہ صحرائی صاحب ہی تھے جنہوں نے عالمِ شباب میں شیخ عبداللہ ...