
کابل اسکول حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 70 ہو گئی، کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث مزید اضافے کا خدشہ
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اسکول پر حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 70 سے بڑھ گئی ہے جبکہ 165 زخمی ہیں، کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ انتظامیہ کو بری طرح متاثر لاشوں کی شناخت میں دشواری کا سامنا ہے۔
پہلے پہل راکٹ حملے سے بتائے گئے دھماکے دراصل کار بم دھماکہ تھا، جس نے دارالحکومت کے مغربی حصے میں واقع سید الشہداء اسکول کو ہلا کر رکھ دیا، حملہ ہفتے کے روز چھٹی کے وقت کیا گیا جب طلبہ و طالبات دروس ختم کر کے گھروں کو جا رہے تھے۔ انتظامیہ کے مطابق پہلے بڑے دھماکے کے بعد دو چھوٹے دھماکے بھی ہوئے، جس سے وقوعہ سے بھاگنے والے بچے اور انکے لواحقین اور امداد کرنے والے افراد بھی متاثر ہوئے۔
اشرف غنی انتظامیہ کے کئی ارکان نے حملے کے لیے طالبان کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے، تاہم طالبان نے اس حملے میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی ہے ...