
چینی کمپنی کاٹل نے 20 لاکھ کلومیٹر چلنے والی کار بیٹری تیار کر لی
برقی گاڑیوں کی دوڑ میں بھی چین مغربی کمپنیوں کو پچھاڑ گیا۔ چینی کمپنی نے ایسی بیٹریاں بنانے کا دعویٰ کر دیا جو گاڑی کو 20 لاکھ کلو میٹر تک چلا سکے گی، اور یہ 16 برس تک کارآمد بھی ہو گی۔
اس وقت زیادہ تر کاریں بنانے والی کمپنیاں کار بیٹری پر 60 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ میل تک کی وارنٹی دیتی ہیں، جو زیادہ سے زیادہ تین سے آٹھ برس تک کارآمد ہوتی ہیں۔
اگرچہ چینی کمپنی ’کنٹیمپریری ایمپیکس ٹیکنالوجی‘ (کاٹل) نے ابھی اس راز سے پردہ نہیں اٹھایا کہ وہ کس کار ساز کمپنی کو یہ جدید ٹیکنالوجی فراہم کرے گی۔ تاہم مختلف ذرائع ابلاغ کے مطابق جرمنی کی معروف کمپنیاں اور امریکی کمپنی ٹیسلا اسے خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کر سکتی ہیں۔
کاٹل کا پہلے سے ٹیسلا کے ساتھ ماڈل تھری کاروں کے لیے دو سال کا معاہدہ موجود ہے جبکہ بی ایم ڈبلیو، ڈیملر، ہنڈا، ٹیوٹا، وولکس ویگن اور وولو بھی کاٹل کی مصنوعات کی بڑی خریدار ہیں...