دنیا میں صرف 25 خاندانوں کی مشترکہ دولت ایک اعشاریہ 4 کھرب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے اور کورونا کی عالمی وبا کے باعث ہونے والی کساد بازاری بھی ان کی دولت میں اضافے کو روک نہیں سکی ہے۔
معیشت کے حوالے سے تجزیے پیش کرنے والی معروف امریکی نیوز ایجنسی بلوم برگ نے دنیا کے 25 امیرترین خاندانوں کی فہرست جاری کی ہے۔
یہ 25 خاندان مختلف صنعتوں جن میں ذرائع ابلاغ، زرعت، اور کاروباری کمپنیوں سمیت تیل کی تجارت جیسے منافع بخش کاروباروں سے وابستہ ہیں۔
فہرست میں پہلے نمبر پر 215 ارب ڈالرکے ساتھ امریکہ کا ‘والٹن’ خاندان ہے جو وال مارٹ سپر اسٹوروں کا مالک ہے۔ بلوم برگ کے مطابق والٹن خاندان کی اب تیسری نسل دنیا بھر میں پھیلے 11 ہزار سے زائد سپر اسٹوروں کی مالک ہے۔
دوسرے نمبر پر امریکہ کی ‘مارس’ فیملی ہے جو کہ مارس کے نام سے مشہور چاکلیٹ بنانے والی کمپنی کی مالک ہے، مارس فیملی کے اثاثوں کی مالیت 120 ارب امریکی ڈالر ہے جو کہ پہلے نمبر پر موجود والٹن خاندان سے کہیں کم ہے۔
تیسرے نمبر پر امریکہ کا صنعت کار خاندان ‘کوچ’ ہے جو کہ 109 ارب ڈالر کا مالک ہے،کوچ انڈسٹری نے امریکہ سمیت دنیا بھر میں تیل، توانائی اور کیمیکل سمیت دیگر صنعتی شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کررکھی ہے۔
رپورٹ کے مطابق چوتھے نمبر پر سعودی عرب کا شاہی خاندان ہے جس کا ذریعہ آمدنی تیل ہے اور اس کے پاس 95 ارب امریکی ڈالر کے اثاثے ہیں۔
پانچویں نمبر پر بھارت کا امبانی خاندان ہے جو کہ ریلائنس انڈسٹریز کے نام سے مختلف شعبوں میں کام کررہا ہے اور اس کی دولت 81.3 ارب امریکی ڈالر ہے۔
اس کے علاوہ فہرست میں لی خاندان 25 ویں نمبر ہے جو کہ معروف الیکٹرانک کمپنی سام سنگ کا مالک ہے، خاندان کے پاس 29 ارب امریکی ڈالر کے اثاثے ہیں۔