امریکی اسپیکراسمبلی کے سائبر سکیورٹی کمپنی کراؤڈ سٹرائیک میں 1 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا انکشاف ہوا ہے۔ واضح رہے کہ کراؤڈ سٹرائیک وہی سائبر سکیورٹی کمپنی ہے جس نے صدر ٹرمپ پر انتخابات میں روسی مدد لینے والی جھوٹی کہانی کو بنیاد فراہم کی تھی۔
امریکی ادارہ برائے مالی معلومات کی رپورٹ کے مطابق نینسی پلوسی اور انکے خاوند نے 3 ستمبر کو کراؤڈ سٹرائک کے دس لاکھ ڈالر کے حصص خریدے۔ مقامی تحقیقاتی صحافی ایرن میٹ کے مطابق نینسی کی سرمایہ کاری کے بعد کمپنی کے حصص میں 129 سے 142ڈالر کا اضافہ ہوا۔
خاتون اسپیکر کے ترجمان ڈریو ہیم مِل کا کہنا ہے کہ نیسنی معاملے سے آگاہ نہیں، ممکنہ طور پر انکے خاوند نے ایسا کیا، اور وہ اسکی ذمہ دار نہیں۔
یاد رہے کہ ڈیموکریٹ نیشنل کمیٹی، جو کہ ڈیموکریٹ جماعت کی انتظامی کابینہ ہے، نے پارٹی معلومات منظر عام پر آنے پر 2016 میں کراؤڈسٹرائیک کو طلب کیا تھا، جس پر کمپنی نے سارا الزام روس پر لگا دیا، تاہم ایف بی آئی کو سرور تک رسائی یا ٹھوس ثبوت فراہم نہ کیے، بلکہ تحریف شدہ ڈیجیٹل رپورٹ اور تصاویر سے اپنے الزام کو ثابت کرنے کی کوشش کی۔
کمپنی کے صدر نے 2017 میں سینٹ کمیٹی کے سامنے اس بات کا قرار بھی کیا کہ انکے پاس کبھی اس کے ثبوت نہیں رہے کہ انکے سرور سے معلومات چرائی گئیں، بلکہ ایسا معمول کے روسی سائبر حملوں کی وجہ سے کہا گیا۔ امریکی حساس اداروں نے اس شہادت کو تین سال تک چھپائے رکھا، تاہم اب قومی جاسوس ادارے کے سربراہ کے دباؤ پر اسے عوام کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کا پراپیگنڈا، حقائق کے برخلاف امریکی معاشرے کا ایک عقیدہ بن چکا ہے۔ تاہم تفصیلی تحقیقات، دستاویزی ثبوت کے سامنے آنے کے بعد پراپیگنڈے میں کمی کی امید کی جا رہی ہے۔
یہ بھی واضح رہے کہ کراؤڈ سٹرائیک کے بانی افراد اٹلانٹک کونسل نامی تحقیقی ادارے کے رکن بھی رہ چکے ہیں، ادارہ روس کے خلاف کاموں کے لیے معروف ہے۔
روس کے خلاف ساری کہانی گڑنے کے علاوہ کراؤڈ سٹرائیک ڈیموکریٹ جماعت کی حامی بھی ہے اور گزشتہ انتخابات میں پارٹی کو 1 لاکھ ڈالرکا چندہ دے چکی ہے۔