عراق میں داعش کے حملے میں مقامی قبیلے کے 5 اور 6 شہری جاں بحق ہو گئے ہیں، حملے میں 8 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ حملہ شہر کی اہم شاہراہ کی راہداری پر قائم چیک پوسٹ پر کیا گیا تھا، جسے داعش اپنے قبضے میں لینا چاہتی تھی۔ حملہ شہر کے جنوب میں ہوائی اڈے سے صرف 22 کلومیٹر کے فاصلے پر کیا گیا۔
خبروں کے مطابق حملہ آور چار گاڑیوں میں آئے اور انہوں نے اچانک گولیاں اور گرنیڈ برسانا شروع کر دیے، مقامی آبادی مدد کو بھاگی، جسے دیکھ حملہ آور موقعے سے فرار ہو گئے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اتحادی قبائل کے خون کو یوں ضائع نہیں ہونے دیں گے اور حملہ آوروں کا پیچھا کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عراقی حکومت نے داعش کے خلاف دسمبر 2017 میں فتح کا اعلان کیا تھا، جو ملک کے ایک تہائی حصے پر 2014 سے 2017 تک قابض رہی اور ملک سمیت دنیا بھر میں امن کا مسئلہ بنائے رکھا۔