برطانوی فوج کے سپہ سالار نے تنبیہ کی ہے کہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی معاشی صورتحال تیسری عالمی جنگ کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے۔ مقامی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں جنرل نِک کارٹر کا کہنا تھا کہ تاریخی حوالوں سے پتہ چلتا ہے کہ غیر یقینی کی صورتحال عالمی جنگ چھیڑسکتی ہے۔ جس سے بچنے کے لیے برطانیہ سمیت پوری دنیا کو اہم اقدامات اٹھانا ہوں گے، ہمیں تاریخ سے سیکھتے ہوئے کسی ایسے قدم کو اٹھنے سے روکنا ہو گا جو بیسویں صدی میں دو عالمی تنازعات کو جنم دے چکا ہے۔
برطانوی سپہ سالار کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی علاقائی تنازعہ بڑھ کر دنیا کو اپنے اندر کھینچ سکتا ہے، اور ایسا ہی پہلی اور دوسری جنگ عظیم میں بھی ہوا تھا۔ عسکری اہلکار کا کہنا تھا کہ کووڈ19 کی وجہ سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال سے اس کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔ ضروری نہیں کہ حالات ہوبہو ویسے ہوں لیکن واقعات کا ایک تسلسل ضرور اس طرف اشارہ کر رہا ہے، جیسے سماجی و عالمی حالات پہلی اور دوسری عالمی جنگ سے پہلے تھے، تب بھی انکا غلط اندازہ لگایا گیا تھا اور اب بھی غیر یقینی صورتحال اس طرف دھکیل رہی ہے، اور ہمیں انتہائی محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔