اٹلی کے وزیراعظم جیہسیپی کونتے مستعفی ہو گئے ہیں، صدارتی وضاحت کے مطابق وزیراعظم نے استعفیٰ کابینہ ارکان کے مشورے سے دیا اور اب وہ نئے اتحادیو ں کے ساتھ دوبارہ حکومت بنانے کی کوشش کریں گے۔
اقدام کو وزیراعظم کی جانب سے اقتدار پر قائم رہنے کے لیے محفوظ ترین حکمت عملی قراردیا جا رہا ہے۔ صورتحال ایک اتحادی جماعت کے حکومت سے علیحدگی کے اعلان کے باعث پیش آئی جس کے باعث کونتے حکومت کے پاس اسمبلی میں مطلوبہ اکثریت نہ رہی اور وہ اعتماد کا ووٹ لینے کے قابل نہ رہے۔
اب وزیراعظم کونتے دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد بنا کر صدر سے دوبارہ انکی توثیق کی درخواست کریں گے۔ اگر کونتے اتحادی ڈھونڈنے میں کامیاب رہتے ہیں تو گزشتہ تین سالوں میں یہ انکی تیسری انتظامیہ ہو گی۔ کونتے کو اسمبلی میں موجود معروف جماعتوں کا اعتماد بھی حاصل نہیں ہے، اور متعدد جماعتوں کی اہم قائدین اتحاد میں شمولیت کی نفی کر چکے ہیں، جن میں سے دو وہ جماعتیں ہیں جو گزشتہ حکومتوں میں کونتے کے ساتھ اتحاد بنا کر علیحدگی اختیار کر چکی ہیں۔
مقامی ماہرین کے مطابق ملک کی معاشی و سماجی صورتحال کونتے کے حق میں نہیں ہے، اس میں حکومت کے کووڈ-19 وباء سے نمٹنے کی ناقص حکمت عملی کا بھی کردار ہے اور تالہ بندی کے باعث شدید ترین معاشی بدحالی بھی وزیراعظم کے لیے وبال بنی ہوئی ہے۔