
ہسپانیہ کے صوبے کاتالونیا میں گلوکار پیبلو حاصل کی گرفتاری کے خلاف شہریوں کی بڑی تعداد احتجاج کرنے سڑکوں پر نکل آئی ہے۔
مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کا استعمال کیا جس پر مظاہرین مشتعل ہو گئے اور ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی۔
انتظامیہ نے گلوکار پیبلو حاصل کو ہسپانوی بادشاہ جوآن کارلوس اول اور شاہی خاندان کو چور کہنے پر گرفتار کر رکھا ہے۔ جس پر گلوکار کو نو ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ پیبلو پر مزید الزام ہے کہ اس نے ماؤ گروہ کی ستائش کی اور ریاستی اداروں پر ملامت کی۔
پیبلو کی گرفتاری کے خلاف 200 سے زائد فنکاروں نے عرضی پر دستخط کیے ہیں اور اب اسکی آزادی کی تحریک ملک بھر میں پھیلتی جا رہی ہے۔
کاتالونیا کے علاوہ ویلنسیا میں ہونے والے مظاہرے میں شہریوں نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے، انکا کہنا تھا کہ اظہار خیال کی آزادی کے بغیر جمہوریت کا تصور نہیں۔
ہسپانیہ میں جہاں ایک طرف شاہی خاندان کی توہین پر حکومت نے معروف فنکار کو دھر رکھا ہے وہاں گزشتہ ہفتے حکومت نے آزادی اظہار کے نام پر مذہب اور شاہی خاندان کی توہین کے قوانین میں نرمی کرنے کا عندیا دیا ہے۔