روس کے مسلم آبادی والے علاقے چیچنیا کے گورنر رمضان قادیروو نے افغانستان میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کو امریکہ کنٹرول کرتا ہے، یہ امریکہ اور مغرب کی مسلمانوں کے خلاف ایک اور بڑی سازش ہے۔ مسلمان اس سے آگاہ رہیں۔
رمضان قادیروو کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کا دعویٰ تھا کہ وہ افغانستان سے کبھی بھی باہر نہیں نکلیں گے اور اب اچانک اس نے اپنے تمام حامیوں کو چھوڑ کر دوڑ لگا دی ہے، اس کے پیچھے خطے میں انتشار پھیلانا مقصود ہے۔ اسامہ بن لادن کی طرح طالبان بھی امریکہ کا ایجنڈا ہے، پہلے ان مجاہدین کو سویت یونین کے خلاف استعمال کیا اور اب خطے میں بدامنی کے لیے استعمال کریں گے۔
رمضان قادیروو نے مشرق وسطیٰ کی روسی زیر اثر ریاستوں کے قائدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپسی اتحاد کو مظبوط کرنا ہو گا، بدترین حالات کے لیے تیار رہنا ہو گا اور سرحدوں پر نگرانی مزید بڑھانا ہو گی۔ چیچنیا کے گورنر کا کہنا تھا کہ ازبک، تاجک، کرغز اور ترک اپنے سرحدی دفاع کو مزید سخت کریں۔ طالبان ہمارے لیے مسئلہ نہیں، ہم اپنے لیے، اپنے لوگوں کے لیے، قومی سلامتی کے لیے کسی بھی قسم کے خطرے کو روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔