پولینڈ کے وزیراعظم ماتیعوسزموراویئسکی نے یورپی اتحاد کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے اپنا رویہ نہ بدلا اور پولینڈ پر دباؤ جاری رکھا تو پولینڈ بھی پوری قوت سے جواب دے گا۔ انکا کہنا تھا کہ یورپی یونین نے پولینڈ کے سر پر بندوق تانی ہوئی ہے، اور جیسے کہ پولینڈ کے خلاف تیسری عالمی جنگ کا اعلان کیا جارہا ہے۔ عالمی وباء کے دوران پولینڈ پر شدید دباؤ ڈالا جا رہا ہے، پولینڈ کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ بھی جواب دے۔
پولینڈ کے وزیراعظم کی جانب سے سخت الفاظ پر مبنی بیان یورپی یونین عدالت کی جانب سے مقامی قوانین کے خلاف متنازعہ فیصلہ سنانے کے بعد سامنے آیا ہے، جس پر پولینڈ کی اعلیٰ عدالت نے مداخلت کرتے ہوئے حکومت کو اس پر عملدرآمد سے روک دیا ہے۔ واضح رہے کہ یورپی یونین کے قوانین کے تحت بھی ممالک کے اندرونی قوانین کو یورپی یونین کے قوانین پر فوقیت حاصل ہے لیکن اتحادی انتظامیہ پولینڈ پر مالی دباؤ بڑھا کر اسے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر رہی ہے۔
ایسے میں پولینڈ کے وزیراعظم نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ اگر یورپی یونین نے پولینڈ کے خلاف تیسری جنگ عظیم کا اعلان کر دیا تو کیا ہو گا؟ پولینڈ اپنی خود مختاری کا پورا دفاع کرے گا، اور اس کے لیے ہر ممکن ہتھیار اور رستے کا استعمال کیا جائے گا۔ فنانشل ٹائمز کو دیے انٹرویو میں مورایئسکی کا کہنا تھا کہ اگر اس میں انہیں یورپی یونین کے ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے متوقع نئے قانون کو منظور ہونے میں رکاوٹ بھی ڈالنی پڑی تو وہ ہچکچائیں گے نہیں، اور اسے ویٹو کر دیں گے۔ ہم پہلے سے ہی شدید تعصب اور تفریق کو محسوس کر رہے ہیں، اس رویے کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم مورایئسکی نے واضح طور پر کہا کہ برسلز نے کورونا سے نمٹنے کے لیے پولینڈ کے 36 ارب یورو بھی روک رکھے ہیں، یہ ہماری حق تلفی ہے، اور حکومت پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ سخت فیصلے لے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ یورپی یونین اپنے ہی قوانین کی عدولی کر رہی ہے، اسے خاموشی سے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہم عدالتی نظام میں ترامیم کے لیے بھی متفق ہیں لیکن اس میں درکار وقت کو سمجھا جائے اور سر پر بندوق نہ تانی جائے۔ اس سے ہم مزید اصلاحات نہیں لا سکیں گے۔
پولینڈ کی قیادت کی جانب سے سخت ناراضگی کے اظہار اور الفاظ کے استعمال کے باوجود امید کا اظہار کیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ انکی جرمنی اور فرانس کی قیادت کے ساتھ حالیہ ملاقات خوشگوار رہی، انہیں امید ہے کہ پولینڈ کے برطانیہ کی طرح پولیگزٹ (اتحاد سے نکلنے) تک نوبت نہیں جائے گی۔