جنوب امریکی ملک ایکواڈور کی ایک جیل میں مختلف گینگ کے مابین جھڑپ کے نتیجے میں کم از کم 68 قیدی ہلاک ہو گئے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق جمعے کی شب گوآیاکوئل نامی شہر کی مرکزی جیل میں اچانک گینگوں کے مابین جھڑپ شروع ہو گئی۔ جیل کو لاس کانیروس نامی گینگ کا اہم مرکز مانا جاتا ہے، جسے مبینہ طور پر میکسیکو کے سینالاؤ کارٹل کی حمایت حاصل ہے۔
اطلاعات کے مطابق جھڑپ جیل کے بلاک نمبر 2 میں ہوئی جہاں مختلف مقامی گینگوں کے مابین شروع ہونے والی جھڑپ جلد خونی کھیل میں بدل گئی۔ جھڑپ کے وقت جیل کے اس حصے میں 700 افراد قید تھے، جن میں سے 68 ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہیں۔
انٹرنیٹ پر کئی انسانیت سوز مناظر کی ویڈیو نشر کی گئی ہیں، جن میں کچھ میں مارنے کے بعد کراہتے قیدیوں کو جلانے کے مناظر بھی شامل ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق پولیس نے اس دوران بیچ بچاؤ کی کوئی کوشش نہیں کی، اور اگلے دن صبح جب سب تھک ہار کر بیٹھ گئے تو جیل میں داخل ہوئی۔ ایکواڈور کی پولیس کے سربراہ نے اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ لڑائی کے دوران پولیس کا کوئی بھی اقدام صورتحال کو مزید خونی بنانے کے سوا کوئی نتیجہ برآمد نہ کرتا۔
مقامی میڈیا کے مطابق صفائی کے دوران پولیس کو نوکیلے ہتھیاروں کے علاوہ پستول اور دھماکہ خیز مواد بھی ملا ہے۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل ستمبر میں بھی اسی جیل میں ہوئی گینگ جھڑپ میں 119 قیدی ہلاک ہو گئے تھے۔