نائیجیر میں مظاہرین پر فرانسیسی فوج کی فائرنگ سے 2 شہری شہید اور 16 زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہری خطے میں فرانسیسی افواج کی بڑھتی سرگرمیوں کے خلاف مظاہرے کر رہے تھے۔ فرانسیسی فوجیوں کا ایک جتھہ آئیوری کوسٹ سے مالی منقتل ہو رہا تھا، جہاں برکینا فاسو سے نائیجیر میں داخل ہوتے راستے میں شہریوں نے انکا راستہ روک کر مظاہرہ کیا۔
فرانسیسی فوج کے ترجمان کے مطابق فوجی اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کر کے تنبیہ جاری کی تاہم مظاہرین نے رستہ نہ چھوڑا، جس پر فوجی اہلکاروں کو مظاہرین پر گولیاں چلانا پڑیں۔
سماجی میڈیا پر جاری ویڈیو میں شہریوں کو جلتی گاڑیوں کے گرد مظاہرہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق شہری فرانس مردہ بار کے نعرے لگاتے رہے، جس پر فرانسیسی اہلکار مشتعل ہوئے۔