جرمنی کے شہریوں کے ریاست پر اعتماد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ یورپی ملک کے ایک حکومتی ادارے کی جانب سے کیے عوامی سروے میں عیاں ہوا ہے کہ شہری قومی رہنماؤں کو نااہل سمجھتے ہیں اور ان کے خیال میں وہ قومی قیادت کا فریضہ اچھے سے ادا نہیں کر رہے۔
سروے کے مطابق جرمنی کے 69 فیصد شہریوں نے ریاست کو ناکارہ قرار دیا ہے۔ سروے جرمنی کے ادارہ برائے سماجی تحقیق اور شماریات فورسا نے منعقد کیا۔ ادارے نے کورونا وباء کے دوران بھی رائے عامہ کو جانچا تھا تاہم اس وقت بھی ریاست پہ بداعتمادی کا اظہار کرنے والے شہریوں کی تعداد صرف 40 فیصد تھی، جو اب معاشی و سماجی بدحالی کے بعد 69 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
سماجی حلقوں میں یورپ کی اہم ترین ریاست پہ شہریوں کے گرتے اعتماد پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ جرمنی کے کمیشن برائے افسران کے سربراہ نے سروے پر اظہار رائے کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال خوفناک ہے۔ انہوں نے صورتحال پر مزید کہا کہ اس سے جرمنی میں سماجی تقسیم میں اضافہ ہو گا۔
سماجی حلقوں میں حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ حکومت کو اپنی توجہ ان کاموں پر مبذول کرنی چاہیے جو انہیں سونپے جاتے ہیں اور عوامی بہبود کے لیے کام کرنا چاہیے۔ تاہم حالیہ حکومت کی پوری توجہ نت نئے قوانین بنانے اور شہری زندگی کو مزید مشکلات سے دوچار کرنے پہ مرکوز ہے۔