ترکی میں جائیداد کی خریداری میں روسی ساری دنیا کو پیچھے چھوڑ گئے۔ ترکی کے محکمہ برائے شماریات کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی کہ مہینے میں ترکی میں غیر ملکیوں کی جانب سے جائیداد کی خریداری میں روسی اول نمبر پر رہے۔
محکمہ شماریات کے مطابق جولائی کے مہینے میں ترکی میں 1 لاکھ 9 ہزار گھر (فلیٹ) بیچے گئے، جو گزشتہ سال اسی ماہ کی نسبت 16.7 فیصد زیادہ تھے۔ اس میں سے 2801 گھروں کی خریداری یا سرمایہ کاری غیر ملکیوں نے کی۔ اس میں سے 772 گھر روسی شہریوں نے خریدے۔ اس دوڑ میں ایرانی دوسرے، جنہوں نے 272، اور عراقی تیسرے نمبر پر رہے جنہوں نے 204 گھر خریدے۔ غیر ملکیوں کی جانب سے انطالیہ، استنبول اور میرسن کے علاقوں میں سب سے زیادہ گھر خریدے گئے۔
ماہرین کے مطابق ممکنہ طور پر روسیوں کی جانب سے ترکی میں گھروں کی خریداری میں دلچسپی اور رحجان کی بڑی وجہ روسی شہریوں پر مغربی ممالک میں پابندیوں کا خطرہ ہو سکتی ہے۔
ترکی میں مہنگائی کے باعث املاک کی قیمتوں میں گزشتہ سال کی نسبت دوگنا اضافہ ہو چکا ہے، ملک میں بڑھتے کرایوں کے باعث حکومت خالی مکانوں پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کا سوچ رہی ہے، تاکہ مالکان کو کرائے پر دینے کے لیے ابھارا جا سکے۔