روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ترجمان دیمتری پسکوف نے مغربی میڈیا کے ذریعے پھیلائی ایسی تمام افواہوں کی تردید کی ہے جن میں روسی حکومت کے طیارہ حادثے میں ملوث ہونے کا الزام لگایا جا رہا تھا۔ گزشتہ جمعے کے روز روس میں ہوئے ایک طیارہ حادثے میں نجی سکیورٹی کمپنی ویگنر کے سربراہ ایوگنی پریگوزئن سمیت 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جس پر مغربی ذرائع ابلاغ میں بلا ثبوت و تحقیقات کے افواہیں پھیلائی جانے لگیں کہ اس طیارہ حادثے میں روسی حکومت ملوث ہے۔
اپنے وضاحتی بیان میں ترجمان کریملن کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے سے متعلق مغربی میڈیا کے ذریعے پھیلایا گیا بیانیہ جھوٹ کا پلندہ ہے۔ میڈیا کو جھوٹے پراپیگنڈے سے گریز کرنا چاہیے اور صرف حقائق پر مبنی صحافت کرنی چاہیے۔ انہوں نے حادثے کی تفصیلی تحقیقات دنیا کے سامنے لانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تاحال ایسی کوئی نتیجہ خیز معلومات سامنے نہیں آئیں کہ لوگوں کے سامنے رکھی جا سکیں تاہم دنیا کے سامنے حقائق پر مبنی رپورٹ ضرور پیش کی جائے گی۔ انہوں نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ تاحال طیارے میں سوار افراد کے حوالے سے بھی کچھ ختمی طور پر نہیں کہا جا سکتا، اور ڈین این اے رپورٹ کا انتطار کیا جا رہاہے تاکہ یقینی طور پر بتایا جا سکے کہ طیارے میں کون کون سے افراد سوار تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس ویگنر گروپ کو یوکرین اور افریقہ میں روسی حکومت کے لیے بہترین عسکری خدمات فراہم کرنے پر اعلیٰ ریاستی تمغے سے نوازا گیا تھا۔