تائیوان کی معروف الیکٹرانک کمپنی فاکسکون کے ارب پتی مالک و بانی ٹیری گؤ کی جانب سے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان سامنے آیا ہے۔ ایپل کمپنی کی سب سے بڑے سپلائر کمپنی کے مالک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ تائیوان کو یوکرین بنتا نہیں دیکھنا چاہتے اور چین کے ساتھ امن کے خواہاں ہیں۔
اپنے انتخابی اعلان میں گؤ کا مزید کہنا تھا کہ تائیوان کو یوکرین نہیں بننے دیں گے، شہری ان کا ساتھ دیں تو وہ آئندہ پچاس سال کے لیے خلیج تائیوان میں امن کا معاہدہ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں اور کشیدگی کے بجائے باہمی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے خطے میں اعتماد بڑھانے کی پالیسی پر کام کریں گے۔
واضح رہے کہ تائیوان اور چین کے مابین 2016 میں تسائی لینگ وین کے اقتدار میں آنے سے کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اور اگر اب گؤ حزب اختلاف کو متحد کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو وہ ووٹ تقسیم کر نے اور موجودہ نائب صدر کے کامیاب ہونے کا سبب بن سکتے ہیں۔ گؤ آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیں گے کیونکہ وہ حزب اختلاف کی جماعت کا نمائندہ نامزد ہونے کی کوشش میں ناکام رہے ہیں۔
گؤ چین کے ساتھ کشیدگی ختم کرنے اور باہمی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرنے کے حامی کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے حالیہ صدر پر الزام لگایا ہے کہ وہ امریکہ نواز ہیں اور مغربی ملک کی ایماء پر ہی چین کے ساتھ کشیدگی بڑھا رہے ہیں۔ ان کی پالیسیوں نے تائیوان کو مشکل حالات میں لا کھڑا کیا ہے اور اگر صورتحال کو فوراً سنبھالا نہ گیا تو تائیوان کی صورتحال یوکرین والی ہو سکتی ہے۔