فرانس کے وزیر خارجہ ژاں یو لی ڈریان نے کہا ہے کہ انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان موجود کشیدگی کےمعاملے پر چین اور جرمنی کے وزرائے خارجہ سے بات کی ہے اور انہیں امید ہے کہ امریکہ اور ایران کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں گے
اپنے ایک بیان میں فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ’فرانس کشیدگی میں کمی کے بنیادی مقصد اور ویانا ایٹمی معاہدے کے برقرار رہنے کے معاملے میں جرمنی سے مکمل اتفاق کرتا ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ہم چین کے ساتھ خاص طور پرمتفق ہیں کہ ایران پر زور دیا جائے کہ وہ ایٹمی معاہدے کی کوئی خلاف ورزی نہ کرے۔
یاد رہے کہ 2015 میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان برطانیہ، فرانس، چین، روس، جرمنی اور امریکہ نے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدہ کیا تھا جس کے تحت طے پایا تھا کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنائے گا اور اس کے بدلے میں اسے امریکی پابندی کی وجہ سے درپیش مشکلات سےنمٹنے میں مدد دی جائے گی۔ بعد میں امریکہ نے اس معاہدے سے یکطرفہ طور پرعلیحدگی اختیار کرتے ہوئےایران پر مزید پابندیاں عائد کر دی تھیں