پاکستانی سرحد پربھارت کی شر انگیزیاں جاری ہیں ۔ لائن آف کنٹرول پر گولہ باری سے تین بچیوں سمیت 6 شہری زخمی ہو گئے ۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی جاری ہے۔ ایل او سی پر خود کار ہتھیاروں اور بھاری توپ خانے کا استعمال کیا گیا۔ فائرنگ سے 6 معصوم شہری زخمی ہو گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ بھارتی فوج کی ایل او سی پر اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی فوج نے نیزا پیر اور رکھ چکری سیکٹرز میں شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی جانب سے بھاری توپ خانے اور خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ بھارتی فائرنگ سے گاؤں میندر، کرنی اور ڈگوار کے 6 معصوم شہری زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خاتون اور 3 بچیاں بھی شامل ہیں جنھیں طبی امداد کےلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے
واضح رہے کہ تقسیم ہندوستان کے بعد سے پاکستان اور بھارت میں متعدد جنگیں ہو چکی ہیں جن میں دونوں اطراف کافی جانی و مالی نقصان ہوا لیکن بھارت کی جانب سے ان شر انگیزیوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی بنا پر دونوں ایٹمی طاقتوں کے سرپر جنگ کے بادل منڈلاتے رہتے ہیں