سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج کے لیے تفصیلی ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔ پیر 6 جولائی کو جاری کردہ ہدایت نامے کے مطابق اس سال صرف 10 ہزار مسلمانوں کو حج کرنے کی اجازت دی جائے گی اور عازمین کو کعبے کو چھونے کی اجازت نہ ہونے سمیت دیگر پابندیوں کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔ گزشتہ سال 24 لاکھ سے زائد مسلمانوں نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔
اس سے قبل ایک اعلان میں سعودی حکومت نے واضح کیا تھا کہ اس سال صرف وہ افراد حج کر سکیں گے جو سعودیہ میں موجود ہیں تاہم تمام مسلم ممالک کے افراد کو خاص تناسب سے اس کی اجازت دی جائے گی۔
عازمین حج کو شعبہ صحت سے صحت مند ہونے کی تصدیق کے ساتھ ساتھ مسلسل ماسک پہننے اور جسم کا درجہ حرارت دکھانا پڑے گا۔ طواف اور دیگر مناسک حج کے دوران بھی کم از کم ڈیڑھ میٹر کی سماجی دوری کے اصول کی پاسداری کا خیال رکھنا ضروری ہو گا۔