سائنسدانوں نے کیلیفورنیہ امریکہ میں اس صدی کا بلند ترین درجہ حرارت ریکارڈ کیا ہے۔ کیلیفورنیا کی مشہوروادی، جسے موت کی وادی کے نام سے جانا جاتا ہے میں 130 فارن ہائیٹ یعنی 54.4 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جس کی تصدیق امریکی موسمیاتی ادارے نے بھی کردی ہے۔
اس وقت امریکا میں مغربی ساحلی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جس میں اس ہفتے مزید اضافے کا بھی امکان ہے، اور گرمی کا مزید نیا ریکارڈ بھی بن سکتا ہے۔
دنیا میں اب تک بلند ترین درجہ حرارت کے ریکارڈ میں 2013 میں امریکہ کی اسی موت کی وادی میں 54 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جبکہ گزشتہ صدی میں بھی موت کی وادی میں ہی 56.6 درجے سینٹی گریڈ گرمی کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔ اگرچہ موجودہ ماہرین موسمیات اسے درست ماننے سے انکاری ہیں۔
اسی طرح 1931 میں تیونس میں 55 درجے سینٹی گریڈ گرمی ریکارڈ کرنے کا دعویٰ بھی کیا جاتا ہے، لیکن اس کے حوالے سے بھی شک و شبہات کا اظہار کیا جاتا ہے۔