روس کے وزیر برائے تجارت ڈینس مانتروو نے برکس ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ڈالر کے بجائے مقامی کرنسی میں کاروبار کریں۔ وزرائے خارجہ کی ایک ویڈیو کانفرنس ملاقات میں روسی وزیر کا کہنا تھا کہ امریکی مالیاتی پالیسیوں کے اثرات سے نکلنے کے لیے ضروری ہے کہ پانچوں ممالک کا اتحاد امریکی ڈالر میں تجارت نہ کرے بلکہ اتحادی ممالک کے فائدے کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی کرنسیوں میں تجارت کو فروغ دیں۔
برکس چین، ہندوستان، جنوبی افریقہ، برازیل اور روس کا مشترکہ اتحاد ہے جس میں اتحادی ممالک تجارتی و دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون کو بڑھا رہے ہیں، اتحاد 2006 میں قائم کیا گیا تھا جبکہ اسکا مشترکہ بینک ‘نیو ڈویلپمنٹ بینک’ 2014 میں متعارف کروایا گیا۔ برکس ممالک دنیا کی 40 فیصد آبادی اور 21 ٹریلین ڈالر کی پیداوار کے حامل ممالک ہیں۔