چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ندیم رضا نے ہفتے کو دورہ ماسکو کے دوران روسی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل ویلیری وی گیرازی موف سے ملاقات کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) فورم کے زیر اہتمام دفاع وسلامتی تعاون کانفرنس میں شرکت کیلیے روس کے دوروزہ دورے پر ہیں۔ ملاقات میں دونوں شخصیات نے پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ فوجی تعاون اورعلاقائی سلامتی کی حرکیات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے بقول جنرل ویلیری وی گیرازی موف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کوسراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔
چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا ماسکو میں انٹرنیشنل ملٹری گیمز 2020 کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ پاکستان کی مسلح افواج گزشتہ تین برسوں سے ان گیمزمیں باقاعدگی سے شرکت کررہی ہے۔