سعودی عرب نے رواں سال اب تک 7400 ٹن آم پاکستان سے درآمد کیے ہیں۔ سعودی خبر رساں ادارے البلاد کے مطابق اس سال پاکستان سے برآمد کیے گئے آموں کا حجم گزشتہ سال کی نسبت دوگنا تھا، اور اس سے پاکستان کو تقریباً 9 ملین ڈالر کا فائدہ ہوا ہے۔
سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال سعودی عرب نے پاکستان سے 3830 ٹن آم درآمد کیے تھے، جس کی مقدار رواں سال تقریباً دو گنا بڑھائی گئی ہے، اور سلسلہ تاحال جاری ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً پونے دو ملین ٹن آم کی پیداوار ہوتی ہے۔ اور یوں پاکستان دنیا بھر میں آم پیدا کرنے والا چھٹا بڑا ملک ہے، تاہم اپنے منفرد اور اعلیٰ ذائقے کی وجہ سے پاکستانی آم کی دنیا بھر میں بھرپور مانگ پائی جاتی ہے۔ اور اسی لیے اسے پھلوں کا بادشاہ بھی کہا جاتا ہے۔
حکومتی اعدادو شمار کے مطابق رواں سال پاکستان نے سوا لاکھ ٹن آم برآمد کیے ہیں۔ اور یہ دنیا بھر کے 53 ممالک میں بھیجے گئے۔ اس سال کورونا کے باعث برآمدات متاثر اور تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔ تاہم سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک میں پاکستانی آم کی طلب میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہی ہوا ہے۔