امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے جج کی تعیناتی اس لیے بھی فوری کرنا چاہتے ہیں کیونکہ آئندہ صدارتی انتخابات کا فیصلہ ممکنہ طور پر عدالت میں ہی ہو گا۔
سرائے ابیض میں صحافیوں سے گفتگو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ؛ میرے خیال میں آئندہ انتخابات کا خاتمہ اعلیٰ عدالت میں ہی ہو گا، لہٰذا یہ اہم ہے کہ ہم عدالت میں ججوں کی تعداد کو پورا کھیں۔
وقت کے حوالے سے صحافیوں کے سوال پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جتنا جلدی ہو سکے اتنا بہتر ہے، انکی کوشش ہو گی کہ انخابات سے پہلے تعیناتی مکمل ہو جائے۔
حزب اختلاف کی جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے کو صدر ٹرمپ نے دھاندلی کا حربہ قرار دیا، اور کہا کہ اس دھاندلی کو روکنے کے لیے اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تعداد کا پورا ہونا لازم ہے۔
امریکی سپریم کورٹ کی جج رتھ بدر گنزبرگ گزشتہ دنوں 87 برس کی عمر میں وفات پا گئی تھیں، انتخابات سے محض 6 ہفتے قبل ہونے والی اس اہم انتظامی موت نے امریکی سیاست کا رخ بدل دیا ہے۔ صدر ٹرمپ بروز ہفتہ نئے جج کی نامزدگی کریں گے۔ جس کی حزب اخلتلاف کی جانب سے بھرپور مخالفت کی جا رہی ہے۔