سرائےابیض کے طبیبوں کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی صحت تیزی سے بحالی کی طرف گامزن ہے، اور ممکنہ طور پر انہیں آج بروز پیر اسپتال سے چھٹی مل جائے گی۔
سرکاری طبی عملے کا کہنا ہے کہ جمعے کی رات صدر میں کورونا کی معمولی علامات سامنے آنے پر انہیں فوری نگہداشت میں لے کیا گیا تھا، اور بہتر خیال کی وجہ سے وہ تیزی سے صحت کی بحالی پر گامزن ہیں۔
طبی عملے کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کو جمعے کے روز تیز بخار تھا اور انکے جسم میں آکسیجن کی کمی کو دیکھا گیا تھا، جس پر انہیں عسکری اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ضرورت کے تحت ایک گھنٹے کے لیے مصنوعی آکسیجن بھی فراہم کی گئی، اور اب صدر کی حالت تیزی سے بہتری کی طرف جا رہی ہے۔
عملے نے مزید وضاحت میں کہا ہے کہ بروز اتوار صدر کو بالکل بخار نہ تھا اور سانس لینے میں بھی دشواری نہ تھی، جسم میں آکسیجن کی مقدار بھی پوری تھی، جس سے امید کی جا رہی ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔
دوسری طرف صدر ٹرمپ کی جانب سے ویڈیو پیغام کے جاری کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، اور انکے حمایتی بھی انکی حمایت میں بھرپور مہم چلا رہے ہیں۔
طبی عملے نے میڈیا میں جاری افواہوں کی تردید بھی کی ہے۔