ترجمان افغان طالبان زبیح اللہ مجاہد نے امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کی رپورٹ کی تردید کی ہے جس میں طالبان کے صدر ٹرمپ کی حمایت کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
سی بی ایس رپورٹ میں طالبان کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ طالبان چاہتے ہیں کہ صدر ٹرمپ جیتیں تاکہ وہ جلد افغانستان سے امریکی فوج کو نکال لیں۔ ادارے نے دعویٰ ایک ٹیلی فون پر انٹرویو کے حوالے سے کیا تھا۔ ادارے نے رپورٹ میں یہ بھی کہا کہ طالبان صدر ٹرمپ کے امریکہ پہلے کے نظریے سے بھی متفق ہیں، کیونکہ صدر ٹرمپ پوری دنیا کے ایک جھنڈے اور نظریے کے حامل نہیں، بلکہ انکی ترجیح صرف امریکہ ہے۔
طالبان ترجمان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ وہ امریکی ادارے کی خبر پر وضاحت کرنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے صدر ٹرمپ کی حمایت کا اعلان نہیں کیا، انہوں نے ایسا کچھ نہیں کہا جیسا کہ امریکی ادارے نے نشر کیا۔
سی بی ایس نے اپنی رپورٹ میں نام لیے بغیر ایک اور طالبان رہنما کے حوالے سے بھی کہا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کے حمائیتی ہیں۔
صدر ٹرمپ کی حمایت کی رپورٹ پر امریکہ میں انکے ناقدین انہیں کمزور صدر کے ثبوت کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، جنہوں نے افغانستان سے ہار مان کر فوج نکال لی ہے۔
تاہم صدر کے ترجمان نے اپنی وضاحت میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ہمیشہ امریکی مفاد کو ترجیح دی ہے۔