فلسطین پر قابض صہیونی انتظامیہ کے حساس ادارے موساد نے چین سے اسکی بنائی کووڈ19 ویکسین چُرا لی ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ویکسین کو جانچ کے لیے اور مقامی سطح پر تیار کردہ ویکسین سے تقابلے کے لیے چرایا گیا ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں متعدد سرکاری حکام نے بھی خبر کی تصدیق کی ہے تاہم بعض ذرائع اس پر شبہے کا اظہار بھی کر رہے ہیں کہ موساد درست ویکسین حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
صہیونی انتظامیہ کے بعض حلقے اقدام کو ویکسین خریدنے سے قبل اسکی جانچ کی کوشش بھی گردان رہے ہیں، اور ان کے مطابق ویکسین کو چُرایا نہیں گیا بلکہ باقائدہ چین سے لیا گیا ہے۔ صہیونی انتظامیہ کے مطابق متعدد ممالک سے ویکسین کی خریداری کے لیے سفارتی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں، تاکہ شہریوں کو جلد از جلد ویکسین کی دستیابی ممکن بنائی جا سکے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطین کی صہیونی آبادی میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ 89 لاکھ آبادی والے ملک میں اب تک 3 لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے، یوں آبادی کے لحاظ سے صہیونی آبادی خطے کی سب سے زیادہ متاثرہ آبادی ہے۔