فلپائن کے صدر رودریگو دوتیرتے کا کہنا ہے کہ وہ کووڈ19 ویکسین کے لیے چین یا روسی حکومت سے براہ راست رابطہ کریں گے، اور بدعنوان نجی کمپنیوں کو انکی مجبوری سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوامی گفتگو میں دوتیرتے کا کہنا تھا کہ وہ بھیک نہیں مانگیں گے، بلکہ باوقار انداز میں ادائیگی کر کے عوام کے لیے کووڈ19 ویکسین حاصل کریں گے۔ اپنے خطاب میں صدر دوتیرتے کا مزید کہنا تھا کہ جو کوئی بہتر پیشکش کرے گا اسی کے ساتھ معاہدہ کیا جائے گا۔ حکومتی سطح پر معاہدے کا مطلب ہو گا کہ نجی کمپنیوں کے ہاتھوں بلیک میل نہ ہوا جائے، اور بدعنوانی کے بغیر حکومتی سطح پر عوام کے لیے بہتر معاہدہ کیا جائے۔
صدر دوتیرتے کا کہنا تھا کہ آئندہ سال کے بجٹ میں حکومت کووڈ19 کی ویکسین کے لیے 5 کروڑ ڈالر تک مختص کرے گی۔ اور اگر وزیر خزانہ ایسا کرنے میں ناکام رہے تو انہیں عہدے سے فارغ کر دیا جائے گا۔
خطاب میں صدر دوتیرتے نے مغربی کمپنیوں پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ منافع کے لالچ میں انہیں رشوت کی پیشکش بھی کر چکی ہیں، اگر آئندہ کسی نے ایسا کیا تو وہ انہیں لات مار کر ملک سے نکال دیں گے۔