ہندوستان کی شمال مغربی ریاست راجستھان میں آتش بازی پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ریاستی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آتش بازی کا بے جا استعمال عوامی صحت کے لیے خطرناک ہے۔ انتظامیہ نے آتشی سامان رکھنے اور بیچنے والوں کے خلاف عملی کارروائی شروع کرتے ہوئے اسے ضبط کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔
ریاستی وزیراعلیٰ آشوک گیہلوٹ کا کہنا ہے کہ پابندی کا مقصد کورونا اور دیگر حساس مریضوں کو آتش بازی کے مضر دھوئیں اور اسکے اثرات سے محفوظ کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے لوگوں کو آئندہ دیوالی کے تہوار پر خصوصی طور پر آتش بازی سے منع کیا ہے، جبکہ شادی اور دیگر تہواروں پر بھی اس کے استعمال سے روکا ہے۔
مقامی انتظامیہ عوام میں شعورکے لیے بھی کام کر رہی ہے اور لوگوں کو آتش بازی کے دھوئیں کے دل اور پھیپھروں پر ہونے والے اثرات سے آگاہ کر رہی ہے۔