ہندوستان نے بحرالکاہل اور بحر ہند کے اتحاد کے نام پر امریکہ کی قیادت میں قائم ہونے والے نئے بین الاقوامی عسکری اتحاد کے تحت شمالی بحیرہ عرب میں مشق کا آغاز کر دیا ہے۔ مالابار نامی دوسری چار روزہ عسکری مشق میں امریکہ، آسٹریلیا، جاپان اور ہندوستان طاقت کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔ مشق میں دنیا کی سب سے بڑی آبدوز اور دو لڑاکا طیارے بردار بحری جہازوں سمیت کئی جدید لڑاکا طیارے اور بحری جہاز حصہ لے رہے ہیں۔
مشق میں حصہ لینے والا نمٹز نامی امریکی بحری بیڑہ دنیا کا سب سے بڑا چلتا پھرتا عسکری اڈہ ہے۔ 1972 میں سرد جنگ کے دوران امریکی بحریہ میں شامل ہونے والے بحری بیڑے سے ایٹمی ہتھیاروں کا حملہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
پہلی مالابار عسکری مشق خلیج بنگال میں 3 سے 6 نومبر میں کی گئی تھی، جس میں لڑاکا طیاروں، آبدوزوں کو نشانہ بنانے کی مشق بھی کی گئی۔
یاد رہے کہ مالابار مشق امریکہ اور ہندوستان نے پہلی بار 1992 میں کی تھی، جس میں اس وقت کوئی دوسرا ملک شامل نہیں تھا۔ تاہم اب امریکہ نے چین کی بڑھتی طاقت کے خوف میں خطے میں نئے اتحاد اور عسکری قوت کے مظاہرے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے