روسی صدر ولادیمیر پوتن نے رشیا ٹوڈے کی نشریات کے 15 سال پورے ہونے پر ادارے کو مبارکباد دی ہے۔ اس موقع پر صدر پوتن کا کہنا تھا کہ آر ٹی نے عالمی منظر نامے میں پیشہ ورانہ صحافت کے نئے معیار مقرر کیے ہیں، 10 دسمبر 2005 کو اپنے پہلے پروگرام کے وقت ہم نے سوچا نہیں تھا کہ اتنے کم وقت میں رشیا ٹوڈے عالمی ایجنڈے کو نیا رخ دینے اور خبروں کی دنیا میں اتنی اہم جگہ حاصل کر لے گا۔
پندرہ سال کے مختصر دورانیے میں ایک چھوٹے سے چینل سے رشیا ٹوڈے آج کئی زبانوں کا ایک نیٹ ورک ہے، جس کا اپنا وقار اور اثرورسوخ ہے۔ دنیا بھر میں لاکھوں افراد عالمی ایجنڈے کو سمجھنے کے لیے اس پر انحصار کرتے ہیں۔
صدر پوتن نے مزید کہا کہ رشیا ٹوڈے عالمی تناظر میں اسلیے بھی اہم ہے کہ یہ سچ بولتا ہے اور یہ ایسے سوالات اٹھانے کی ہمت بھی رکھتا ہے جنہیں اٹھانے سے دیگر عالمی نشریاتی ادارے ڈرتے ہیں۔
رشیا ٹوڈے کو صاف، معیاری اور آزاد صحافت کا معیار برقرار رکھنا چاہیے، اور دنیا میں کسی ایک ایجنڈے کا غلام بننے کے خلاف آواز اٹھاتے رہنا چاہیے۔
روسی صدر نے ادارے کی ترقی اور کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔