فرانس اور آئرلینڈ نے گوگل پر ہوٹلوں کے اشتہارات میں کچھ کو ترجیح دینے پر 13 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے، عدالتی کارروائی میں ثابت ہوا ہے کہ گوگل کے عمل سے صارفین کو گمراہ کیا گیا اور کچھ ہوٹلوں کو فائدہ پہنچایا گیا۔
فرانس کی وزارت خزانہ اور ملک میں انسداد دھوکہ کے ادارے کی جانب سے جاری نئے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ گوگل نے ستمبر 2019 میں ہوٹلوں کی تجاویز کے حوالے سے اپنی پالیسی بدلی جس سے صارفین کو نقصان ہوا۔
امریکی کمپنی نے خود سے ہوٹلوں کی تجویز کے لیے معیار مقرر کیا اور اسی بنیاد پر صارفین کی یرہنمائی کی تاہم اس سے صارفین کو نقصان ہوا اور کچھ ہوٹلوں کو فائدہ پہنچایا گیا۔ فرانسیسی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ کاروباروں کے معیار کی تصدیق کا حق صرف منتخب حکومت کے بنائے اداروں کے پاس ہے، غیر ملکی نجی کمپنیاں ایسا نہیں کر سکتیں۔
واضح رہے کہ دسمبر 2020 میں بھی فرانس نے گوگل پر ملکی قوانین توڑنے پر 12 کروڑ دس لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ جرمانہ قومی کمیشن برائے معلومات اور تحفظ آزادی کی جانب سے عائد کیا گیا تھا، فرانس کا کسی ابلاغی ٹیکنالوجی کمپنی پر لگایا سب سے بڑا جرمانہ تھا۔ اس سے قبل گوگل پر فرانس میں صارفین کی نجی معلومات بیچنے پر 6 کروڑ ڈالر کا جرمانہ بھی کیا گیا تھا۔