روسی ویکسین سپوتنک-5 کی پہلی کھیپ میکسیکو پہنچ گئی ہے۔ وزیر خارجہ مارسیلو ایبرارد نے ہوائی اڈے پر ویکسین کی وصولی کی، اس موقع پر شمالی امریکہ کے ملک کے اہم عہدے دار کا کہنا تھا کہ روسی ویکسین نے اچھے نتائج دیے ہیں اور انکا ملک دیگر ویکسینوں کی نسبت روسی ویکسین کے بہتر نتائج کو دیکھتے ہوئے اسکی مزید سفارش دے چکا ہے۔
ویکسین کے منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے والے روسی شہری کیرِل دیمیتریو کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعاون پر وہ خوش ہیں، منصوبے سے صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر میکسیکو کے وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ویکسین کی ترسیل ایک تاریخ موقع پر کی گئی ہے، آج میکسیکو اور روس کے تعلقات کی 130 ویں سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ مکسیکو نے کورونا کے خلاف ویکسین کے استعمال کی اجازت 3 جنوری کو دی تھی۔ میکسیکو ملکی ضروریات کو جلد پورا کرنے کے لیے تمام ممکنہ ذرائع سے ویکسین حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے میکسیکو نے فائزر سے بھی 5 لاکھ ٹیکے حاصل کی ہیں، جبکہ اس سے قبل چینی ویکسین بھی میکسیکو پہنچ چکی ہے۔
دوسری طرف روس اب تک 30 سے زائد ممالک کو سپوتنک-5 کی ترسیل دے چکا ہے۔ اور دنیا بھر میں مختلف ممالک دسمبر سے اس کا استعمال شروع کر چکے ہیں۔