آزربائیجان نے کاراباخ جنگ کی فتح کی کی یاد میں بنائے عجائب گھر کا افتتاح کر دیا ہے۔ عجائب گھر کا افتتاح صدر الہام علیو نے کیا جس میں آرمینیائی فوجیوں سے چھینے ہتھیار اور سامان کو رکھا گیا ہے۔ دارالحکومت باکو میں بنائے عجائب گھر میں ٹینک، بندوقیں، حساس آلات اور مارے گئے فوجیوں کے ہیلمٹ بھی رکھے گئے ہیں۔ عجائب گھر میں آرمینیا کے فوجیوں کے مجسمے بھی رکھے گئے ہیں، جو جنگ صورتحال سے شدید مایوس دیکھے جا سکتے ہیں۔




یاد رہے کہ ایک مختصر جنگ کے بعد گزشتہ نومبر میں آزربائیجان اور آرمینیا میں روس اور ترکی کی مفاہمت سے جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا جس میں آزربائیجان کو اپنے مقبوضہ علاقہ واپس حاصل ہوا اور ملک میں بھرپور جشن منایا گیا۔
فتح کے جشن میں ترک صدر طیب ایردوعان کو بھی مدعو کیا گیا تھا جسے خطے میں ترک النسل مسلمانوں کی دوبارہ اٹھان کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم آرمینیا کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی متعدد بار خلاف ورزی پر روس بھی اپنے اتحادی سے سخت نالاں ہے۔ یاد رہے کہ روس اور ترکی افواج امن کو قائم رکھنے کے لیے علاقے میں تعینات ہیں جس کی سفارش آزربائیجان کے صدر نے ہی کی تھی۔
صدر الہام علیو سابق صدر حیدر علیو کے بیٹے ہیں، الہام کی تعلیم روسی دارالحکومت ماسکو کی سرکاری جامعہ سے ہے۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد الہام جامعہ میں مدرس رہ چکے ہیں جبکہ کچھ عرصے تک اپنا کاروبار بھی کر چکے ہیں۔