امریکی صدر جو بائیڈن کے اقتدار میں آنے سے امریکی دولتمندوں کی دولت میں بتدریج اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایک امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق صدر بائیڈن کے منتخب ہونے سے لے کر اب تک امریکہ کے 100 امیر ترین افراد کی دولت میں 461 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جو کہ صدر ٹرمپ کے منتخب ہونے کے بعد پہلے سو دنوں میں ان امراء کی دولت میں اضافے سے 20 گناء زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ صدر بائیڈن نے اپنی انتخابی مہم منصفانہ ٹیکس کے نام پر لڑی تھی، لیکن عملی طور پر وباء کے باوجود امریکی امراء کے خزانے میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ارب پتیوں کی دولت میں انتہائی تیزی سے ہونے والے اضافے کی ایک وجہ صدر بائیڈن کے کورونا وباء سے نمٹنے کے لیے صدر ٹرمپ کے علاوہ بھی تقریباً 2 کھرب ڈالر مختص کرنا ہے۔
امریکہ کے ایک مقامی تحقیقاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ارب پتیوں کی مجموعی دولت میں گذشتہ 13 ماہ کے دوران 55 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جو شمار میں 4.56 کھرب ڈالر بنتی ہے۔
تاہم امریکی منتظر ہیں کہ کب صدر بائیڈن اپنے وعدے کے مطابق ارب پتیوں پر منصفانہ ٹیکس کے لیے قانون سازی کریں گے۔ یاد رہے کہ صدر بائیڈن نے امریکہ میں سالانہ 4 لاکھ ڈالر سے زیادہ کمانے والوں پر ٹیکس بڑھانے کا وعدہ کر رکھا ہے۔