عالمی وباؤں سے نمٹنے کے لیے صحت کے شعبے کو نئی بنیادوں پر کھڑا کرنا ہو گا، ان خیالات کا اظہار جرمنی کے وزیر صحت جینز سپاہن نے جرمنی میں عالمی ادارہ صحت کے نئے تحقیقی مرکز کے افتتاح کے موقع پر کیا ہے۔
کووڈ-19 وباء سے نمٹنے کے لیے ممالک کی حکمت عملیوں پر شائع ایک رپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے جرمنی کے وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ وباؤں کے بڑھتے رحجان سے نمٹنے کے لیے دنیا کو صحت کے شعبے میں کچھ بنیادی تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہے، اور ایسا فوری کرنا ہو گا تاکہ آئندہ وباء سے پہلے ہم اس سے لڑنے کے لیے تیار ہوں۔
سپاہن کا کہنا تھا کہ دنیا کورونا وباء سے نمٹنے کے لیے بالکل تیار نہ تھی، اور اس سے ایسے خطے بھی متاثر ہوئے جو پہلے وباؤں سے محفوظ رہے، بیماریاں اب جانوروں سے بھی انسانوں میں منتقل ہو رہی ہیں، انسانیت کو فوری ضروری اقدامات کی ضرورت ہے۔ جرمنی میں قائم نیا تحقیقاتی مرکز حکومتوں کو وباء سے متعلق ضروری اقدامات کرنے کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرے گا۔
تحقیقاتی مرکز کی افتتاہی تقریب سے خطاب میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ کا کہنا تھا کہ مستقبل میں مزید وائرسوں کے ابھرنے کا خطرہ موجود ہے، جو نئی علاقائی اور عالمی وباؤں کا باعث بنیں گے۔ کورونا وباء نے ہماری اب تک کی تہذیبی ترقی کو بری طرح عیاں کر دیا ہے۔ اسی سے نمٹنے کے لیے جرمنی میں نیا تحقیقاتی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ مرکز عالمی سطح پر معلومات اکٹھا کرے گا اور ان کا تجزیہ کرکے بیماریوں کے پھیلاؤ کے حوالے سے کارآمد معلومات تیار کرکے حکومتوں کو آگاہ کیا جائے گا اور اس کے پیش نظر ضروری اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔