چین نے امریکی خلائی ایجنسی کی جانب سے راکٹ کے معاملے پہ متعصب تبصرے کو لے کر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ چینی دفتر خارجہ کی ترجمان ہوآ چن یینگ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ امریکی چند ہفتے قبل اسپیس ایکس کے راکٹ کا واشنگٹن کے نجی فارم میں گرنے پہ اپنے رومانوی تبصرے یاد کریں۔
یاد رہے کہ ناسا نے چینی خلائی ایجنسی کے لیے غیر زمہ دار کے الفاظ استعمال کیے تھے اور کہا تھا کہ چینی ادارے کو خلائی راکٹ کے حوالے سے شفاف اور زمہ دار رویہ اپنانا چاہیے تھا۔
چینی ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ چین امریکہ کے متعصب اور دوہرے معیار سے انتہائی بیزار ہو چکا ہے، جس میں خصوصاً چین کے تحقیقاتی منصوبوں کو لے کر خوب پراپیگنڈا کیا جاتا ہے۔ ہوآ کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کے کچھ نشریاتی ادارے اور شخصیات خصوصاً اس منفی رویے کو دکھانے میں پیش پیش رہتے ہیں۔ ان اداروں نے ناکام امریکی منصوبے کے نتیجے میں واشنگٹن کے ایک نجی فارم میں گرتے اسپیس ایکس کے راکٹ کے مناظر کو “اندھیرے میں روشنی کی کرن” اور “روشنیوں کا شو” گردانا تھا لیکن چین کے ایک کامیاب منصوبے کے بعد فضاؤں میں بھسم ہوتے راکٹ کو غیر زمہ دار کہا، یہ دوہرا اور انتہائی متعصب رویہ ناقابل برداشت ہے۔
چین کا کہنا ہے کہ چین سے متعلق کسی بھی بات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا مغربی روایت بن گیا ہے، خلائی اسٹیشن کو کامیابی سے خلاء میں پہنچا کر واپس گرتے راکٹ سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا، لیکن مغربی ذرائع ابلاغ نے اس سے متعلق انتہائی منفی پراپیگنڈا پھیلایا۔
واضح رہے کہ چین نے مغربی میڈیا کی رپورٹوں پر کوئی تبصرہ نہیں دیا تھا لیکن بروز پیر ناسا کے نمائندے بل نیلسن کی تنقید پر چین نے بھی باقائدہ جواب دیا ہے اور اپنا احتجاج درج کروایا ہے۔
چین کا مؤقف ہے کہ اس نے خلائی منصوبوں میں ہمیشہ عالمی معیار کا خیال رکھا ہے اور اس حوالے سے کبھی کسی قسم کی سستی نہیں کی، بلکہ مغربی ممالک سے بھی بھرپور تعاون کیا جاتا ہے۔
چینی خلائی ادارے نے اعلامیہ جاری کیا تھا کہ راکٹ ایسے مرکبات سے بنا ہے کہ یہ ہوا میں ہی رگڑ سے بھسم ہو جائے گا لیکن امریکہ و یورپی میڈیا نے معاملے کو چین کے خلاف منفی پراپیگنڈے کے لیے استعمال کیا، جس پر چین نے اب ردعمل دیا ہے۔