امریکہ میں آزادئ اظہار رائے کے لیے ہونے والی پہلی آئینی ترمیم پر برطانوی شہزادے کے طنز امریکیوں کو ہضم نہیں ہوئی اور سب کی بورڈ لے کر ان پر الفاظ کی گولیاں چلانے میں مصروف ہو گئے ہیں۔
ہالی ووڈ اداکار ڈیکس شیپارڈ کے پوڈ کاسٹ پروگرام آرم چیئر ایکسپرٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شہزادہ ہیری نے کہا کہ میں اب تک امریکہ کی پہلی آئینی ترمیم کو سمجھ نہیں پایا ہوں۔
شہزادے کے اس بظاہر طنزیہ تبصرے پر امریکی نالاں ہیں اور انکا کہنا ہے کہ اگر برطانوی شہزادہ امریکی آئین کا احترام نہیں کر سکتا تو وہ امریکہ میں کیوں رہتا ہے؟
واضح رہے کہ شہزادہ شاہی ذمہ داریوں سے سبکدوشی کے بعد کیلیفورنیا میں زندگی گزار رہے ہیں۔
ایک امریکی سوشل میڈیا صارف نے ردعمل میں کہا ہے کہ “ہاں ہمیں معلوم ہے کہ وہ اسے نہیں سمجھتا، اوراس کی وجہ ہے اس کا خاندان۔”
ایک صارف نے ہیری کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ”امریکی تاریخ سے سبق حاصل کرو” جس کا اشارہ “امریکہ کا انگریزوں سے نجات اور آزادی کے حصول” کی طرف تھا۔
ایک اور صارف نے براہ راست ہیری سے “انگلینڈ واپس جانے” کے لیے کہہ ڈالا۔
یہاں تک کہ شہزاہ ہیری کے طنز نے ٹیکساس کے نمائندے اور ریپبلک جماعت کے رکن ڈین کرینشا کو بھی اشتعال دلایا ہے اور انہوں نے غصے میں کہا کہ “میں اپنی یوم آزادی کی پارٹی کو دگنا کرتا ہوں”۔
واضح رہے کہ پچھلے سال اپنی اہلیہ میگھن مارکل کے ساتھ شاہی فرائض سے سبکدوش ہونے کے بعد شہزادہ ہیری ایک متنازعہ شخصیت بن گئے ہیں۔ شاہی زندگی سے علیحدگی کے بعد یہ جوڑا کیلیفورنیا منتقل ہوچکا ہے، اور نیٹ فلکس اور اسپاٹفائے کے ساتھ کروڑوں ڈالر کے معاہدے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنا پوڈ کاسٹ بھی شروع کر رکھا ہے اور چند ماہ قبل اوپرا ونفری کے شو میں شاہی خاندان پر کڑی تنقید بھی کر چکے ہیں۔ جس پر برطانوی اور امریکی دونوں یکساں ناراض ہوئے۔