روس میں ایک حالیہ عوامی سروے میں سامنے آیا ہے کہ 42 فیصد شہری کسی بھی حالت میں کووڈ-19 ویکسین لینے کا ارادہ نہیں رکھتے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ اسکی بڑی وجہ ویکسین سے متعلق بڑھنے والی بداعتمادی ہے۔
سروے میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ ہر پانچ میں سے ایک یعنی 20 فیصد روسی باشندے بیرون ملک سفر کرنے کی صورت میں ویکسین لگانے پر آمادہ ہیں۔
نتائج میں پتا چلا ہے کہ صرف 18 فیصد روسی کسی طرح کی ترغیب کے بغیر ویکسین لگوانے پر آمادہ ہیں۔
سروے رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نتائج سے اندازہ ہو سکتا ہے کہ روس میں ویکسین لگوانے کا عمل سست روی کا شکار کیوں ہے۔
اپریل کے آخر میں نائب وزیر اعظم تاتیانا گولیکوف نے بتایا تھا کہ روس میں تب تک 1 کروڑ 11 لاکھ شہریوں کو کوڈ-19 ویکسین کی پہلی خوراک دی جا چکی ہے۔
اگرچہ روسی حکام باقاعدگی سے اعداد و شمار جاری نہیں کررہے ہیں، لیکن غیر سرکاری اندازوں کے مطابق سپوتنک-5 کی مکمل دو خوراکیں لینے والے افراد کی مجموعی تعداد 90 لاکھ کا ہندسہ پار کر چکی ہے۔
واضح رہے کہ روس نے اب تک کووڈ-19 کی 3 ویکسینیں متعارف کروائی ہیں، البتہ سب سے معروف سپوتنک-5 ہے۔ ایکواڈور میں بھی تجرباتی مراحل سے گزرنے کے بعد سپوتنک-5 اب 66 ممالک میں رجسٹرڈ ہوچکی ہے۔