برطانوی فوج ایسے فوجی اہلکاروں کو سزا دے گی جو کوڈ-19 کی ویکسین لگوانے سے انکاری ہیں۔ ڈیلی میل نے اپنی خبر میں ملکی انتطامیہ اور میڈیا کو برطانوی شہریوں پر ویکسین تھوپنے کی سرخی لگائی ہے۔
اطلاعات کے مطابق رائل آرٹلری اور رائل الیکٹریکل اور میکنیکل انجینئرز کو احکامات جاری کردیے گئے ہیں کہ ایسے فوجی جو وائرس کے خلاف ویکسین لینے سے انکاری ہیں ان کو خصوصی کیمپ میں تعلیم دی جائے اور پھر بھی نہ ماننے والے کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
سرکاری دستاویز کے مطابق ویکسین نہ لینے پر بضد رہنے سپاہیوں کو نااہل سمجھا جائے گا۔ کووڈ-19 کی ویکسین چھاؤنیوں میں رہنے اور مشقوں میں شمولیت کے لیے بھی لازمی قرار دیا جائے گا۔
ڈیلی میل کے مطابق یہ ہدایات گذشتہ ہفتے کے دوران جاری کی گئی ہیں۔ اگرچہ حکومت سپاہیوں کو ویکسین لینے پر مجبور نہیں کرسکتی، تاہم آرمڈ فورسز ایکٹ کے تحت سپاہیوں کو فوجی خدمات کے لیے نااہل قرار دیا جاسکتا ہے۔
ایک بیان میں وزارت دفاع نے کہا کہ وہ گھروں اور بیرون ملک تمام فوجی اہلکار اور ان کے اہل خانہ کو محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہے، اور فوج کے سبھی اہلکاروں کو ترجیحی سطح پر ویکسین لگائی جائے گی۔
واضح رہے کہ نجی کمپنیوں پر بھی اپنے حاضر ملازمین کے لیے ویکسین لازمی قرار دینا غیر قانونی ہے، تاہم کچھ لوگوں نے استدلال کیا ہے کہ نئے بھرتی ہونے والوں کے لیے ویکسین لینا قانونی طور پر شرط بن سکتا ہے۔
واضح رہے کہ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ لوگوں پر نوکری بچانے کے لیے ویکسین لگوانے کی شرط کو امتیازی سلوک قرار دے چکی ہے۔
اگرچہ تاحال دنیا میں تاحال کہیں بھی ویکسین لازمی قرار نہیں دی گئی ہے، لیکن مکمل طور پر ویکسین لینے والوں کو خصوصی مراعات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ برطانیہ نے بھی متعدد مغربی ممالک اور چین کی طرح بین الاقوامی سفر کے لیے کووڈ ویکسین “پاسپورٹ” کا اجراء کرنے کے منصوبے پہ کام شروع کر دیا ہے۔ یورپی یونین کی طرف سے بھی ایسی ہی ایک تجویز کو ہری جھنڈی دکھائی گئی ہے جس کے تحت برطانوی شہریوں کو ویکسین لینے کی صورت میں، داخلے کی پابندیوں اور قرنطینہ کے مراحل میں سہولت فراہم کی جائے گی۔
ویب سائٹ نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک وزیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ صرف ایک چھوٹے سے طبقے کے ویکسین کے خلاف ہونے کی وجہ سے مزید تالہ بندی کی طرف جا سکتا ہے، ایسے ناخوشگوار وقت سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
فی الحال برطانیہ میں تقریباً 3 کروڑ 70 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، جبکہ 2 کروڑ سے زائد افراد مطلوبہ دونوں خوراکیں لے چکے ہیں۔
برطانوی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں ویکسین کے حوالے سے ہچکچاہٹ کم ہو رہی ہے، لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ صورتحال فوج میں بھی ہے یا نہیں۔