افریقی ملک کانگو کے مشرقی شہر گوما میں نیرا گونگو نامی آتش فشاں پہاڑ سے لاوا نکلنا شروع ہو گیا ہے، لاوا اپنے راستے میں آنے والی تمام آبادی اور عوامی سہولیاتی ڈھانچے کو تباہ کرتا ہوا آگے بڑھ رہا ہے۔
مقامی انتظامیہ نے فوری طور پر 5 سے 7 ہزار افراد کو علاقے سے نکال لیا ہے تاہم شہر کی مجموعی پونے سات لاکھ نفوس کی آبادی بھی خطرے میں ہے۔
شہری حکومتی امداد اور اعلان کا انتظار کیے بغیر علاقہ چھوڑ رہے ہیں، اور ہزاروں کی تعداد میں ٹولے کی شکل میں ہمسایہ شہروں کی طرف ہجرت کی جا رہی ہے۔
مقامی ماہرین کا کہنا ہے کہ لاوا 2002 کے راستے پہ ہی گامزن ہے، جس میں 250 سے زائد افراد کی ہلاکت درج کی گئی تھی، تاہم لاوے کی رفتار سست ہونے کے باعث شہر کے مرکزی حصے کے محفوظ رہنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔