چین میں چند روز قبل پہاڑی علاقے میں موسم کی خرابی کی وجہ سے ہلاکت خیزی میں بدلنے والے دوڑ کے مقابلے میں کھلاڑیوں کی زندگیاں بچانے میں ایک مقامی شخص کا کردار سامنے آیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ جب وہ شدید ناامیدی کا شکار تھے تو اچانک نمودار ہونے والا شخص انکے لیے ایک فرشتہ ثابت ہوا جس نے ان میں سے کچھ کی جان بچائی۔
خبر ملتے ہی صحافی اس شخص کی تلاش میں نکل گئے اور بالآخر کامیابی سے اسے ڈھونڈ نکالا۔ تفصیلات کے مطابق شخص ایک مقامی گڈریا جھو کیمنگ ہے جو اس وقت پہاڑوں میں اپنی بکڑیاں چڑا رہا تھا۔
جھو نے واقع کی منظر کشی کرتے ہوئے بتایا کہ وہ معمول کے مطابق اپنی بکڑیوں کو چڑا رہا تھا کہ کچھ افراد دوڑ لگاتے نظر آئے اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے موسم شدید خراب ہو گیا اور اس نے ایک قریبی غار میں پناہ لی، جہاں اس کے کپڑے اور کھانا بھی محفوظ رکھے تھے، اسے اسی دوران ایک زخمی کھلاڑی نے جھاڑیوں کی اوٹ سے آواز دی۔
جھو کا کہنا ہے کہ وہ زخمی کھلاڑی کو اٹھا کر غار میں لے گیا، اسے سردی سے محفوظ کرنے کے لیے کچھ لکڑیوں کو آگ لگائی، اور اسکے ہاتھوں اور پیروں کی مالش کی بھی کی۔ اسی اثناء میں 4 دیگر کھلاڑی بھی غار میں داخل ہوئے اور انہوں نے بتایا کہ کچھ مزید کھلاڑی بھی زخمی حالت میں باہرمدد کے انتظار میں ہیں، جنہیں جھو اٹھا کر اندر لے آیا۔
چینی گڈریے کا کہنا ہے کہ اس نے کوئی خاص کام نہیں کیا، اسکی جگہ کوئی بھی ہوتا تویہی کرتا۔
اطلاعات کے مطابق، جھو نے مجموعی طور پر تین مردوں اور تین خواتین کی جان بچائی، تاہم جھو کو افسوس ہے کہ وہ مزید ایک شخص کی جان بچا سکتا تھا لیکن تاخیر ہو گئی، اور وہ غار سے باہر ہی مر گیا۔
واضح رہے کہ دوڑ میں 200 کے قریب افراد شریک تھے جن میں سے 21 کی موت ہو گئی اور 6 کو بچانے میں جھو کامیاب رہا۔ بچاؤ کی کارروائی میں 1200 سے زائد رضاکاروں نے حصہ لیا۔