روس نے امریکی ہمسایہ ملک کیوبا میں اشیاء خوردونوش اور کورونا سے تحفظ کے لیے ضروری سامان اور ادویات عطیہ کی ہیں۔ کیوبا شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہونے کی وجہ سے تالہ بندی کا شکار رہا اور اب معاشی بدحالی کے باعث ملک شدید بحران اک شکار ہے۔ ایسے میں روس نے دو بڑے کارگو جہاز امداد کے طور پر کیوبا کو بھیجے ہیں۔ جن میں دس لاکھ ماسک، حفاظتی لباس، اور بڑی مقدار میں خوراک اور ادویات شامل ہیں۔
واضح رہے کہ شدید مشکلات کے باوجود امریکہ کیوبا پر معاشی پابندیاں لگائے ہوئے ہے بلکہ ان میں مزید اضافہ کیا گیا ہے، جس سے حالات مزید بگڑ گئے ہیں۔ صرف 11 ملین آبادی پر مشتمل ملک میں دنیا بھر میں کمی کے باوجود یومیہ تقریباً 8 ہزار افراد کورونا سے متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ اب تک 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد مریض وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ کیوبا میں اب تک کووڈ-19 کے باعث 2230 افراد کی موت درج کی گئی ہے۔
ملک میں شدید معاشی زبوں حالی کے باعث شہری بڑے مظاہروں کا اہتمام کر رہے ہیں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ امریکہ کے خلاف بھی نعرے لگائے جا رہے ہیں۔