انٹر پول نے ایک بڑی بین الاقوامی کارروائی میں انسانی تجارت کرنے والے گروہ کے 286 افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور ان کے قبضے سے 430 افراد کو بازیاب کروایا ہے۔ لبرتیرا نامی کارروائی کا دائرہ 47 ممالک پر محیط تھا جس میں کم از کم 5 لاکھ مقامات پر چوکیاں، چھاپے اور دیگر کارروائیاں کی گئیں۔
انٹر پول کے مطابق ان کے پاس ابھی بھی 60 سے زائد انسانی تجارت کی تحقیقات جاری ہیں جن میں جعلی شناخت کے معاملات زیادہ نمایاں ہیں۔
واضح رہے کہ لبرتیرا نامی کارروائی 5 سے 9 جولائی کے دوران عمل میں لائی گئی، جس میں تنزانیہ سے یوگنڈا داخل ہوئے ایک بس سے 169 افراد کو جعلی پاسپورٹ کے ساتھ پکڑا گیا۔ اس کے علاوہ برازیل، کولمبیا، کوراکاؤ اور پاناما سے بھی درجنوں افراد کو پکڑا کیا گیا ہے، جو منشیات، جنسی زیادتی اور پپیسے کی غیر قانونی منتقلی کے جرائم میں شریک تھے۔ انٹرپول نے برطانیہ سے بھی 6 افراد کو گرفتار کیا ہے جو جسم فروشی کے لیے جوان لڑکیوں کی تجارت کا دھندا کرتے تھے۔
انٹرپول کے سربراہ نے بڑے نیٹ ورک کو پکڑنے میں ممالک کے تعاون اور عملے کو سراہا ہے۔