افغانستان میں جاری 20 سالہ امریکی جارحیت کا خاتمہ ہو گیا ہے، گزشتہ شام آخری امریکی و نیٹو فوجی بھی کابل ہوائی اڈے سے نکل گیا اور امریکہ نے بھی باقائدہ جنگ کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔ دارلحکومت کابل میں امریکی و نیٹو افواج کا انخلاء مکمل ہونے پر رات گئے جشن منایا گیا۔ اس موقع پر شہریوں نے سجدہ شکر ادا کیا اور بعض مقامات پر آتش بازی بھی کی گئی۔
افغانستان میں امریکی فوج 19 سال، 10 ماہ اور 25 روز تک قابض رہی تاہم بالآخر انہیں عوامی مزاحمت کے آگے سر جھکانا پڑا اور شکست فاش کھا کر ملک سے نکل گئے۔
جنگ میں افغانستان کو ناقابل تلافی نقصان ہوا اور لاکھوں کی تعداد میں شہری جاں بحق ہوئے، ملک کا ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوا لیکن امریکہ کا عالمی طاقت کا غرور، معیشت اور عسکری ٹیکنالوجی کا بخار بھی اتر گیا۔ تاحال مختلف ذرائع مختلف اعدادوشمار پیش کر رہے ہیں لیکن ایک بات واضح ہے کہ امریکہ کو بھی ہزاروں فوجیوں اور کھربوں ڈالر کا نقصان ہوا، اور بالآخر دوبارہ طالبان کے ساتھ ہی معاہدہ کر کے مغربی ممالک کو ملک چھوڑنا پڑا۔
کابل سے آخری امریکی فوجی اور جرنل کے نکلنے کے بعد ترجمان امارات اسلامیہ افغانستان نے باقائدہ اسکا اعلان کیا اور کہا کہ افغانستان سے آخری قابض فوجی بھی نکل چکا ہے، اور ہمارا ملک ایک بار پھر مکمل طور پر آزاد ہو گیا ہے، تمام تعریفیں اللہ کے لیے، ہم اسکے بے حد مشکور ہیں۔