طالبان نے القائدہ سے رابطوں کے سلامتی کونسل کے الزامات کی تردید کر دی
افغان طالبان نے اقوام متحدہ کے ادارے سلامتی کونسل کی اس رپورٹ کو مسترد کردیا ہے جس میں دعویٰ گیا تھا کہ امریکہ کے ساتھ معاہدے کے دوران بھی طالبان کے القاعدہ کے ساتھ رابطے رہے۔
سلامتی کونسل نے ایک تازہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں سن 2019 کے اوائل تک طالبان کے القاعدہ کے ساتھ نہ صرف رابطے تھے بلکہ وہ طالبان کی مدد سے افغانستان کے مختلف علاقوں میں مزید مضبوط ہوئے۔
رپورٹ 27 مئی کو جاری کی گئی جو یکم جون کی شب منظرعام پر آئی۔ طالبان نے منگل کو اس رپورٹ کے ردعمل میں کہا ہے کہ سلامتی کونسل کے اُن پر لگائے گئے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں، طالبان امریکہ کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر من و عن عمل درآمد کر رہے ہیں۔ ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری کردہ بیان میں سلامتی کونسل کے ان دعووں کی بھی تردید کی گئی ہے کہ طالبان جنگجو متحد نہیں، اور بعض دھڑے معاہدے سے خوش نہ...