روسی دارالحکومت ماسکو بھی 5جی نیٹ ورک گروہ میں شامل ہو گیا ہے۔ موبائل نیٹ ورک کمپنیوں نے ماسکو میں متعدد مقامات پر 5جی انٹینا نصب کر دیے ہیں اور اب ماسکو کے شہری بھی تیز ترین انٹرنیٹ سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
رشیا ٹوڈے سے گفتگو کرتے ہوئے ماسکو کے شہریوں نے مغربی یورپ کی طرز پر توہم پرستی سے منسلک خیالات کی سرے سے تردید کی اور جدید ٹیکناوجی کو شہرمیں خوش آمدید کہا۔ رشیا ٹوڈے کے صحافی سے گفتگو میں ایم ٹی ایس (روسی موبائل نیٹ ورک) کے مالک نے کہا کہ مواصلاتی ٹیکنالوجی میں آگے بڑھنے کا یہی ایک طریقہ تھا، شہریوں کو منفی خبروں سے بچتے ہوئے آگے کی طرف دیکھنا چاہے۔ تیز ترین انٹرنیٹ ترقی کی نئی راہیں کھولے گا اور ہر شعبہ زندگی پر اسکا اثر پڑے گا۔
یاد رہے کہ 2019 میں ٹیکنالوجی کے تعارف کے ساتھ ہی اس سے متعلق افواہیں پھیلنا شروع ہوگئی تھیں، ٹیکنالوجی کو انسانی صحت کے لیے خطرناک قرار دیا گیا، حتیٰ کہ کچھ مغربی سائنسدانوں نے بھی اسے کورونا وباء کی وجہ گردانا جس کے باعث شہریوں نے 5جی انٹینا جلانا شروع کر دیے۔
روسی ماہرین نے رشیا ٹوڈے سے گفتگو میں کہا کہ مغرب میں افواہوں کی سیاسی وجوہات تھیں، جس کا مقصد چینی ٹیکنالوجی کو نقصان پہنچانا تھا، وگرنہ تمام نظریات بکواس تھے اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ روسی نیٹ ورک کے مالک نے گفتگو میں کہا کہ 5جی انٹینوں سے متعلق حقیقت بالکل برعکس ہے، شہر میں جتنے زیادہ انٹینا ہوں گے ان پر اتنا ہی دباؤ کم ہو گا اور فی انٹینا شعاعوں کا اخراج بھی اتنا ہی کم ہو گا۔
ماسکو میں 5جی کی تعارفی رفتار 1300 میگابائٹ فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایک صارف نے صرف 35 سیکنڈ میں 2 گیگابائٹ کی پوری ویڈیو گیم فون میں ڈاؤنلوڈ کر کے دکھائی۔
ماسکو میں تاحال 14 مقامات پر آزمائشی 5جی خدمات شروع کی گئی ہیں، جن میں بالشوئی تھیٹر، گورکی پارک، سپیرو ہل اور زریادے پارک نمایاں ہیں۔