اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سیروسیاحت کی نئی رپورٹ کے مطابق کورونا وباء کے باعث دنیا بھر میں سیروسیاحت کے 32 فیصد مقامات بند رہے، جو تعداد میں 69 ممالک بنتے ہیں۔ ان میں سے 38 مقامات 40 ہفتوں تک مکمل بند رہے جبکہ باقی جزوی بندش کا شکار ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا کی نئی برطانوی قسم کا ابھرنا مختلف حکومتوں کے لیے بڑے مسئلے کا باعث بنا، جس کے باعث تفریحی مقامات کو فوری طور پر مکمل بند کر دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بندشیں ایشیا، بحرالکاہل اور یورپی ممالک میں لگائی گئیں۔ جن میں 30 ایشیائی اور بحرالکاہل، 15 یورپی، 11 افریقی، 10 امریکی اور 3 مشرق وسطیٰ کے ممالک شامل تھے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق پابندیاں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لگائی گئیں، لیکن اب جب ممالک پابندیاں ختم کر رہے ہیں تو انہیں ذہن میں رکھنا چاہیے کہ پابندیاں صرف مسئلے کے حل کی تلاش میں ایک قدم تھا۔ حکومتوں کو تالہ بندی کے حوالے سے فیصلہ نئے اعدادوشمار کو مدنظر رکھتے ہوئے لینا چاہیے۔